مرکزی صفحہ
سوانح حیات
خبریں
مرجع دینی سے مربوط خبریں
دفتر کی خبریں
نمائندگان کی خبریں
ہدایات و رہنمائی
سوالات و جوابات
دروس
فقہ کے دروس
اصول کے دروس
تفسیر کے دروس
اخلاق کے دروس
تالیفات
بیانات
سوال:اگر کوئی شخص ماہانہ چالیس ہزار کماتا ہے اور اس شخص نے آج تک خمس کا حساب نہیں کیا اور اس شخص پر قرض بھی ہے، خمس کے سلسلہ میں اس شخص کے لئے کیا حکم ہے؟
جواب:بسمہ سبحانہ آپ مندرجہ ذیل تفصیل کے مطابق خمس نکال کر اپنا شرعی فریضہ ادا کریں۔ 1:۔ہر وہ چیز کہ جو استعمال کے لیے خریدی گئی ہو اور استعمال میں آچکی ہے اور اس کا وجود باقی نہیں اس کا خمس دینا واجب نہیں ۔ 2:۔وہ چیزیں جو استعمال کے لیے خریدی تھیں اور استعمال میں آچکی ہیں اور ابھی ان کا وجود باقی ہے یہ اشیاء جس قیمت پر خریدی تھیں اس کی قیمت کے خمس کا تیسرا حصہ(یعنی پانچویں حصہ کا تیسرا حصہ 5/3)مصالحتاً ادا کرنا ہو گا۔ 3:۔وہ چیزیں جو استعمال کے لیے خریدی ہیں اور ابھی استعمال میں نہیں آئیں ان اشیاء کو جس قیمت پر خریدا تھا اس کا پورا خمس دینا ہو گا۔ 4:۔سونے چاندی کے زیورات کا وزن کے اعتبار سے خمس دینا ہو گا اگر5تولے سونا یا چاندی ہے تو اس کا ایک تولا خمس ہو گا ۔ 5:۔جو کرنسی ہے اس کا پورا خمس دینا ہو گا ۔ 6:۔اور وہ چیزیں کہ جو تجارت کے لیے خریدی گئی ہیں اور وہ موجود بھی ہیں ان کی موجودہ قیمت کے اعتبار سے خمس دینا ہو گا اور وہ اس ادائیگی سے ان چیزوں کے خمس سے بریٔ الذمہ ہو جائے گا ۔واللہ العالم
سوال:خمس نکلے ہوئے پیسے سے قسطیں ادا کرکے اگر کوئی چیز خریدی گئی ہو اور اگر اس چیز یا ملکیت کو فروخت کریں تو کیا اس پر خمس واجب ہے.
جواب:بسمہ سبحانہ اگر وہ چیز فروخت کرنے سے آپ کو نفع نہ ہو اور جو بھی رقم حاصل ہو گی اس پر خمس واجب نہیں ہو گا اور اگر اس چیز کو فروخت کرنے سے آپ کو نفع ہو تو وہ اس مال کا نفع شمار ہو گا اور اگر اس نفع کو آپ سالانہ خمس کی تاریخ آنے سے پہلے استعمال کر لیتے ہیں تواس پر خمس واجب نہیں ہو گا۔ واللہ العالم
سوال::- جو رقم خمس سے رہ گئی تھی جو آپ کے حکم کے مطابق قسطوں میں ادا کرنی ہیں تو یہ خمس کی رقم تو سال کے پیسوں سے ادا نہیں کرنی پڑے گی تو انہیں سال کے خمس کا حساب کیسے کریں گے؟ یعنی جو رقم خمس میں ادا کی جائے گی وہ نئے سال کے خمس کے لئے کیسے کاٹی جائے گی؟
جواب:بسمہ سبحانہ آپ پہلے خمس کی تاریخ آنے پر جو آپ کے ہاتھ میں موجود رقم ہو گی اس کا خمس دے کر پاک کریں گے اور جو خمس دینے کے بعد رقم بچے گی اس میں سے گزشتہ خمس کو ادا کریں گے یکمشت یا قسط وار اگر آپ یکمشت خمس ادا نہیں کر سکتے۔ واللہ العالم
سوال:کیا کمیٹی کی رقم پر بھی خمس دینا ہو گا جب کہ وہ ساری استعمال ہو جائے؟ سوال یہ ہے کہ اگر کسی شخص کی کمیٹی نکلی ہے اور وہ کمیٹی کی رقم فوراً خرچ ہو جائے گی وہ جمع نہیں کی جائے گی اور نہ ہی اس سے جو چیز لی جائے گی اس کو سال بھر رکھا جائے گا بلکہ فوراً وہ قرضوں کی مد میں اور کسی اور مد میں وہ فوراً خرچ ہو جائے گی تو کیا اس پر خمس واجب ہے؟
جواب:بسمہ سبحانہ اگر خمس کی تاریخ آنے سے پہلے استعمال ہو جائے اور کچھ نہ بچے تو اس پر خمس واجب نہیں ہو گا۔ واللہ العالم
سوال:پینشن پر خمس واجب ہے؟
جواب:بسمہ سبحانہ پینشن پر خمس واجب ہے۔ واللہ العالم
سوال:کیا ہم سونے کی جو چوڑیاں یا اس قسم کے زیورات بنواتے ہیں اس پر بھی زکوٰۃ ہو گی اگر ہے تو کس طرح ؟ یعنی جو سونے کے ہم زیورات بنواتے ہیں ۔ اس پر زکوٰۃ ہو گی یا نہیں ؟
جواب:بسمہ سبحانہ زکوٰۃ صرف سونے چاندی کے سکوں پر واجب ہوتی ہے، زیورات پر خمس واجب ہے اور وہ بھی ہمارے فتاوی کی شرائط کی روشنی میں زیورات پر خمس دینا ہو گا۔ واللہ العالم
سوال:ایک شخص نے سال2017 میں نقد رقم تقریبا5 لاکھ روپے کا خمس نکالا ، جبکہ سال 2018 میں اس کے پاس نقد رقم تقریبا 2 لاکھ روپے ہے،جبکہ دوران ِ سال اس کی رقم میں کمی بیشی بھی ہوتی رہی۔ براہ مہربانی وضاحت فرمائیں کہ سال 2018 میں بوقت حساب خمس اس شخص کو اس کم ہونے والی رقم کا بھی خمس ادا کرنا ضروری ہےیا اس پہ خمس معاف ہوگا ۔؟
جواب:بسمہ سبحانہ اگر اس کے پاس خمس کی تاریخ آنے پر دو لاکھ روپے بچے ہیں تو اس سال میں اس پر خمس نہیں ہو گا اور آئندہ سال آنے پر اس کو دو لاکھ روپے سے زیادہ پر خمس دینا ہو گا اور واضح رہے کہ آپ اپنی خمس کی تاریخ چاند کے حساب سے قرار دیں گے۔ واللہ العالم
سوال:ایک شخص نے سال 2015 میں نقد رقم تقریبا 4 لاکھ روپے کا خمس نکالا ، جبکہ سال 2016 میں اس کے پاس نقد رقم تقریبا 5 لاکھ روپے ہے، براہ مہربانی وضاحت فرمائیں کہ سال 2016 میں بوقت حساب خمس اس شخص کو زائد رقم جوکہ ایک لاکھ روپے ہے اس کا خمس ادا کرنا ہے یا مجموعی رقم 5 لاکھ روپے کا خمس ادا کرنا ضروری ہے۔ ؟
جواب:بسمہ سبحانہ اس شخص کو صرف اس زائد رقم ایک لاکھ روپے کا خمس ادا کرنا ہو گا جو اس کے پاس زیادہ جمع ہوا ہے اور واضح رہے کہ آپ اپنی خمس کی تاریخ چاند کے حساب سے قرار دیں گے۔ واللہ العالم
سوال:شمسی حساب سے میری مقرر تاریخ 30 جون ہے۔ اب چاند کی تاریخ کے حساب سے خمس ادا کرنے کے لئے دوبارہ خمس کی تاریخ مقرر کرنا پڑے گی۔فرض کریں اب نئی تاریخ 01 رمضان مقرر کرتا ہوں تو 30 جون اور 01 رمضان کے درمیان دورانیہ میں خمس کا حساب کیسے رکھا جائے۔ یہ کہ خمس کی ادائی گذ شتہ 01 رمضان سے ہو یا آئیندہ 01 رمضان سے؟ برائے مہربانی رھنمائی فرمائیں۔ والسلام۔۔
جواب:بسمہ سبحانہ آپ کی انگریزی ماہ کے اعتبار سے جو خمس کی تاریخ تھی اس سے پہلے کے دس دن میں جو اسلامی تاریخ بنے گی اس کو آپ اپنے لئے خمس کی تاریخ سمجھیں گے۔ واللہ العالم
سوال:کیا وہ اشیاء جسکا تعلق اسرائیل سے ہیں یا جن اشیاء کا پرافٹ اسرائیل کے پاس جاتا ہے مثلاً کوکاکولا ان اشیاء کا استعمال کیسا ہے۔
جواب:بسمہ سبحانہ مؤمنین پر واضح ہونا چاہیےکہ دنیا کی سب سے بڑی طاقتیں اسرائیل کی سپورٹ اور مدد کرتی ہیں فوج کے اعتبار سے اسلحہ کے اعتبار سے اور اقتصاد کے اعتبار سے۔ اور یہ بھی واضح رہے کہ سب کافر حکومتیں اسلام کو اچھا نہیں سمجھتی تو اس لحاظ سے اسرائیل سے آنے والی اشیاء کا وہی حکم ہے جو ہم دوسرے کافر ملکوں سے خریدتے ہیں چاہے وہ دوائیاں ہوں یا کوئی بھی اور چیزیں ہوں، کافر ملکوں سے نجات حاصل کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ ہم خود کفایت ہو جائیں اور اپنی حاجات کی اشیاء خود بنائیں اور واضح ہونا چاہیے کہ پیپسی، کوکا کولا وغیرہ کا فارمولا کسی یہودی نے بنایا تھا لیکن اب جو کمپنیاں پیپسی، کوکا کولا وغیرہ بنا رہی ہیں اسلامی ملکوں میں وہ کمپنیاں اسرائیل کی نہیں ہیں، ہم سب کو کسی غلط فہمی کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ واللہ العالم
پچھلا صفحہ
1
2
3
4
اگلا صفحہ