|
حضرت آیتُ اللہ العُظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی (دام ظلّہ)کی شرکت اور علماء و طلاب حوزہ علمیہ کی نمایاں موجودگی میں نجفِ اشرف میں جلوس عزاء فاطمیہ کا دسواں دور 5/11/2025 ![]() |
آج مقدس شہر نجفِ اشرف میں جلوس عزاء فاطمیہ کے دسویں دور کا اہتمام کیا گیا، جس میں مرجع عالی قدر، حضرت آیتُ اللہ العُظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی (دام ظلّہ)کے ساتھ ساتھ حوزۂ علمیہ کے افاضل و حضرات علماء کرام و طلاب، قبائل کے نمائندگان، حسینی مواکب کےخدام، اور متعدد عراقی شہروں اور مختلف ممالک سے آئے مومنین نے شرکت فرمائی۔ جلوس، مرجع عالی قدر (دام ظلہ) کے مرکزی دفتر سے حرم حضرت امیر المؤمنین علیہ السلام کی جانب روانہ ہوا، جہاں حضرت آیتُ اللہ العُظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی (دام ظلّہ)بنفسِ نفیس شرکاءِ جلوس کے صفِ اوّل میں تھے۔ یہ عظیم دینی و مذہبی اجتماع عزاء حضرت فاطمہ زہراء علیھا السلام کوباقی رکھنے اور اہلِ بیتِ اطہار (علیہم السلام) کے ساتھ عقیدت و ولایت کی تجدید کے عزم کا اظہار ہے۔ جلوس غم کی ابتداء میں تلاوت آیات قرانیہ کے بعد حضرت فاطمہ زہراء علیھا السلام پر ڈھائے گئے مظالم بیان کئے گئے اور حضرات شعراء کرام نے بھی اپنے اشعار کے ذریعہ مظلومہ بی بی علیھا السلام کی شان و منزلت اور ان کے مصائب بیان کئے ۔ جلوس کے اختتام پر حرم حضرت امام علی علیہ السلام کے صحن میں مجلسِ عزا منعقد ہوئی، جس میں دینی اور عوامی وفودنےکثیرتعدادمیں شرکت کی۔ اس مجلس میں حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے ساتھ پیش آنے والے تاریخی واقعات کو بیان کیا گیا، اور اختتامی مراحل میں حضرت امام علی علیہ السلام کی زیارت اور امامِ عصر و الزمان (عجّل اللہ فرجہ الشریف) کی خدمت با برکت میں تعزیت پیش کرنے کے ساتھ اس جلوس غم کا اختتام ہوا۔ |