مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف سے میڈیا اور صحافیوں کے وفد کی ملاقات

مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف سے میڈیا اور صحافیوں کے وفد کی ملاقات



16/10/2024


•  آپ سب  آنکھیں اور کان کُھلے  رکھیں تاکہ معاشرے کو حق کی طرف رہنمائی کر سکیں

مرجع مسلمين و جہان تشيع حضرت آيت الله العظمیٰ الحاج حافظ بشيرحسين نجفی (دام ظلہ الوارف) نے مرکزی دفتر نجف اشرف  میں  میڈیا اور صحافیوں کے وفد کا استقبال کیا، جن کے ساتھ الفرات ٹی وی کا عملہ بھی تھا۔ اس ملاقات میں میڈیا کے معاشرتی کردار اور صحافیوں کی ذمہ داریوں پر گفتگو ہوئی، خاص طور پر عوامی رائے کی تشکیل میں اور اہل بیت (علیہم السلام) کے فکر و منهج کو پھیلانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

•  معاشرے کی خدمت میں میڈیا کے کردار کی قدردانی

مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے اپنی گفتگو میں میڈیا کے کردار کی اہمیت پر زور دیا، اسے "معاشرے کی زبان" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگوں کو صحیح راستے کی طرف رہنمائی کرتا ہے اور حقائق کو ان کے سامنے لاتا ہے، اور انہوں نے کہا کہ صحافی کو اپنے ارد گرد ہونے والی صورتحال سے ہمیشہ باخبر رہنا چاہیے، اور اپنے پیشہ ورانہ انداز میں معاشرے کی خدمت کے لیے نصیحت اور رہنمائی فراہم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے فرمایا: "آپ کو  آنکھیں اور کان کُھلےرکھنا ہوں گے، تاکہ آپ دنیا میں ہونے والے حالات کو دیکھ سکیں اور سن سکیں؛ تاکہ آپ حق اور انصاف کے رہنما بن سکیں۔"

•  پیشہ ورانہ کام اور خود نگرانی پر زور دینا

مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے میڈیا کے افراد پر پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی پابندی اور معاشرے کی خدمت پر زور دیا، یاد دہانی کراتے ہوئے انہوں نے  کہا کہ تقوی الہی کے ساتھ کام کرنا بہت اہمیت کا حامل ہے اس لئے کہ اعمال کی قبولیت اس سے وابستہ ہے  اور تقوی حاصل کرنے کا پہلا قدم یہ ہے کہ انسان اپنےنفس کا محاسبہ کرے۔"

•  میڈیا کا کردار مذہبی اور سماجی اقدار کی اشاعت میں

مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے اسلامی اقدار اور اصولوں کی اشاعت میں میڈیا کے کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی، اشارہ کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ ایک مخلص صحافی خیر کی دعوت دینے والا اور لوگوں کی رہنمائی کرنے والا بن سکتا ہے، چاہے لوگ اس کا احساس براہ راست نہ بھی کریں۔ انہوں نے لوگوں کی رہنمائی  بہترین طریقے سے جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، تاکہ ا پ اپنے ملک عراق اور اس کے لوگوں کی خدمت کو جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے فرمایا: "عراق،  امام علی علیہ السلام اور  امام حسین علیہ السلام  کا عراق ہے، اور اسکی خدمت اخلاص کے ساتھ کرنی چاہیے تاکہ دنیا اور آخرت میں  اعمال قبولیت  کا درجہ حاصل کر سکے۔"

مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیا کے افراد پر بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ حقیقت کو عوام تک پہنچائیں اور حالات کی وضاحت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی یہ ذمہ داری آسان نہیں ہے اور اس میں اعلیٰ مہارت کے ساتھ جو کچھ بھی ہوتا ہے اس کی درست رپورٹنگ کے لیے عزم اور جرات کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے اپنی گفتگو کا اختتام ان کے لیے کامیابی کی دعا کرتے ہوئے فرمایا: "میں اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ آپ کو آپ کے شریف کام میں کامیاب کرے اور آپ کے قلموں کو حق کے راستے کو روشن کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔"

ملاقات کے اختتام پر، میڈیا کے وفد کے ارکان نے مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف کا شکریہ ادا کیا اور ان کی قیمتی باتوں اور رہنمائی پر اپنا امتنان ظاہر کیا۔ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ وہ حق کے راستے پر چلتے رہیں گے اور معاشرے کی خدمت کریں گے، جو کہ دین کے اصولوں اور قومی اقدار کے مطابق ہو۔






ٹیلیگرام کے نجفی چینل کو جوائن کریں


بھیجیں
پرنٹ لیں
محفوظ کریں