مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف سے کشمیر (پاکستان)کے سابق وزیر اعظم کی وفد سمیت ملاقات
10/11/2024
مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف سے کشمیر( پاکستان) کے سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے ان کے مرکزی دفتر نجف اشرف میں وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
اس ملاقات میں مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے نجف اشرف کی عظمت، اس کی علمی و روحانی حیثیت اور اس مقدس شہر کے مقام و مرتبے پر روشنی ڈالی۔
آپ نے فرمایا کہ نجف اشرف وہ بابرکت مقام ہے جہاں امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کا روضہ مبارک واقع ہے۔ اور امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی ذات گرامی امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور بھائی چارے کی عظیم علامت ہے۔
مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف نے اس بات پر تاکید کی کہ اہل بیت علیہم السلام کی محبت اور ان کے نقش قدم پر چلنا ہی نجات کا ذریعہ ہے۔
سردار عتیق احمد خان نے مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف کی صحت کے متعلق دریافت کیا اور انکی صحت و سلامتی اور طول عمر کی دعا کی۔ انہوں نے مرجع عالی قدر دام ظلہ الوارف کی عظیم خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور آپ کے وجود کو امت مسلمہ کے لیے بالعموم اور برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کے لیے بالخصوص با برکت قرار دیا۔ انہوں نے ملاقات کے آخر میں قیمتی وقت دینے اور گراں قدر نصائح پر شکریہ بھی ادا کیا۔