ہمیں فکری اور اخلاقی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے صفِ واحد بننا ہوگا
7/10/2025
مرجع مسلمین و جہانِ تشیع حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف کے فرزند اور مرکزی دفتر کے مدیر حجۃ الإسلام شیخ علی نجفی (دام عزہ) نے مرکزی دفتر نجف اشرف میں جامعۃ الاظہر کے اساتذہ ، بصرہ سے آئے ہوئے علماء اور مسیحی مذہبی شخصیات پر مشتمل وفد کا خیر مقدم کیا۔
ملاقات کے دوران، موجودہ دور میں امت کو درپیش اہم چیلنجوں پر گفتگو کی گئی۔ خاص طور پر ان سازشوں کا ذکر کیا گیا جو دین اور اس کی اقدار کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ یہ سازشیں نئی نسل میں شبہات پیدا کر کے دین کی تصویر مسخ کرنے کی کوشش کرتی ہیں، جس کے نتیجے میں فکری انتشار پیدا ہوتا ہے جو متدین معاشروں کو خطرے میں ڈال دیتا ہے اور صفِ واحد کو کمزور کر دیتا ہے۔
حجۃ الإسلام شیخ علی نجفی (دام عزہ) نے واضح کیا کہ یہ حرکات اتفاقیہ نہیں بلکہ منصوبہ بند سازشوں کا حصہ ہیں، جو معاشروں کے اخلاقی نظام کو نقصان پہنچانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ یہ سازشیں مخصوص طریقہ کار اور نظامات کے ذریعے ایسے ماحول تیار کر رہی ہیں جو سیاسی اور اقتصادی مفادات کو پورا کرتے ہیں، اور یہ سب بیرونی طاقتوں کے حق میں ہو رہا ہے۔
حجۃ الإسلام شیخ علی نجفی (دام عزہ) نے واضح کیا کہ ان منصوبوں کے پیچھے کھڑی طاقتوں کو اس بات کا ادراک ہے کہ دین اور مذہبی شناخت ماضی میں ان کی کوششوں کو ناکام بنانے والی مضبوط دیوار رہی ہے۔ اسی لیے وہ آج دین کو براہِ راست نشانہ بنا رہی ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ شعور بڑھائیں، مذہبی اصولوں سے مضبوطی سے جڑے رہیں، اور نسلوں اور معاشرے کو ان خطرات سے بچانے کے لیے اتحاد اور صف بندی کو فروغ دیں۔