حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین النجفی (دام ظلہ الوارف) نے  رہبراسلامی جمہوریہ ایران کی نمائندگی میں اعلیٰ سطحی وفد کا خیرمقدم فرمایا۔

حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین النجفی (دام ظلہ الوارف) نے  رہبراسلامی جمہوریہ ایران کی نمائندگی میں اعلیٰ سطحی وفد کا خیرمقدم فرمایا۔



26/8/2026


•        وفد نے رہبرانقلابِ اسلامی کی جانب سے مرجع عالی قدر(دام ظلہ الوارف)  اور نجفِ اشرف کی مرجعیت کے لیے خصوصی اور عمومی پیغام پہنچایا، جس میں ایرانی عوام کے حق میں مرجعیت کی حمایت پر مبنی موقف کو سراہتے ہوئے شکریہ اور قدردانی کا اظہار کیا ۔
 

نجفِ اشرف: مرجع عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی (دام ظلہ الوارف) نے اپنے مرکزی دفتر نجفِ اشرف میں اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلیٰ قیادت پر مشتمل ایک وفد کا استقبال فرمایا، جس کی سربراہی رہبر اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندے، مجلسِ خبرگان کے نائب سربراہ اور مجلس کے بعض اراکین کر رہے تھے۔
وفد نے مرجع عالی قدر (دام ظلہ الوارف) کی خدمت میں رہبرانقلابِ اسلامی (دام تائیدہ)  کا پیغام پہنچایا، جس میں مرجع عالی قدر اور نجفِ اشرف کی مرجعیت کی جانب سے ایرانی عوام کی حمایت میں اختیار کیے گئے موقف پر شکریہ اور قدردانی کا اظہار کیا گیا، بالخصوص اسلامی جمہوریہ ایران کو درپیش حالیہ حالات اور واقعات کے دوران۔
وفد نے مرجع عالی قدر(دام ظلہ الوارف) کے مواقف کو قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھے جانے کا اظہار کیا اور عراق میں، شہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای (قدس سرہ) کی تشییعِ جنازہ کے حوالے سے آپ کے موقف کو سراہا۔ نیز عراقی عوام نے اپنے مختلف مذہبی، قومی اور قبائلی طبقات سمیت جس طرح ہمدردی، یکجہتی اور وفاداری کے جذبات کا اظہار کیا، اس پر بھی گہری قدردانی پیش کی۔
اپنی جانب سے مرجع عالی قدر(دام ظلہ الوارف) نے فقیدِ امتِ اسلامیہ (قدس سرہ) کی شہادت پرحضرت امام زمانہ (عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف)، حاضرین اور اپنی ذات کو دوبارہ تعزیت پیش کی۔ آپ نے مراسمِ تشییع کے دوران عراقی قبائل اور عراقی عوام کی جانب سے اختیار کیے گئے عظیم انسانی اور دینی موقف پر ان کا تہہ دل سے شکریہ اور گہری قدردانی کا بھی اظہار فرمایا۔
ملاقات کے اختتام پر مرجع عالی قدر (دام ظلہ الوارف) نے بارگاہِ الٰہی میں دعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ تمام مومنین کو ہر قسم کی برائی اور آفات سے محفوظ رکھے اور ہمارے مولا و آقا حضرت صاحب العصر والزمان امام مہدی (عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف) کے ظہور میں جلدی فرمائے۔





ٹیلیگرام کے نجفی چینل کو جوائن کریں


بھیجیں
پرنٹ لیں
محفوظ کریں