مرکزی صفحہ
سوانح حیات
خبریں
مرجع دینی سے مربوط خبریں
دفتر کی خبریں
نمائندگان کی خبریں
ہدایات و رہنمائی
سوالات و جوابات
دروس
فقہ کے دروس
اصول کے دروس
تفسیر کے دروس
اخلاق کے دروس
تالیفات
بیانات
سوال:آئمہ علیہم السلام کی تصویروں کو آویزاں کرنے اور ماتمی جلوسوں اور مجالس میں پلے کارڈ کے طور پر استعمال کرنے اوراٹھانے کا کیا حکم ہے ؟
جواب:بسمہ سبحانہ لوگوں کے ہاتھوں میں موجود تصویروں کو آئمہ علیہم السلام کی طرف نسبت دینا حرام ہے یہ محض خیالی تصویریں ہیں اور کسی بھی ذی روح کی مصوری کرنا حرام ہے۔ واللہ العالم
سوال:کیا اہل بیت علیہم السلام کے مجسمے بنانا جائز ہیں؟
جواب:بسمہ سبحانہ کسی بھی ذی روح کی شکل میں مجسمہ بنانا حرام ہے چاہے وہ اہل بیت علیہم السلام کا ہی کیوں نہ ہو اور ان مجسموں کو اہل بیت علیہم السلام کی طرف نسبت دینا بھی حرام ہے اسی طرح کسی صورت کی مصوری کرنا اور اسے اہل بیت ؑ کی طرف نسبت دینا بھی حرام ہے ۔ماتمی انجمنوں اور عزاداری کی تمام رسومات کو ہر اس چیز سے پاک کر دیں جو شریعت کے بر خلاف ہے خدا ہمیں اہل بیت ؑ کی خدمت کی توفیق عنایت فرمائے اور خاص طور پر مجالس اور ماتمی جلوسوں کو شرعی حدود کے اندر ہونا چاہیے تاکہ محمد و آل محمد علیہم السلام ہم پر راضی ہوں۔ واللہ العالم
سوال:کیا نوحہ کے دوران کسی سیاسی موضوع پر بھی ماتم جائز ہے ؟
جواب:بسمہ سبحانہ عزاداری کا مادی اور سیاسی مقاصد سے پاک ہونا واجب ہے ۔ امام حسین علیہ السلام ہماری مادی خواہشات کے لئے پل اور وسیلہ نہیں ہیں۔ والسلام
سوال:سیاسی مسائل کو مجالس اور عزاداری کے جلوسوں میں ذکر کرنے کے بارے میں جناب عالی کی کیا رائے ہے ؟ اور کیا ایسا کرنے کا مقصد اہل بیت علیہم السلام کی سیرت پر عمل کرنا شمار ہوگا، خاص طور پر وہ مسائل کہ جن کا تعلق براہِ راست اسلام سے ہے مثلاً رسول خدا ؐ کی اہانت کا مسئلہ ، اسلامی مقدسات کی بے حرمتی ، عراق ، فلسطین اور مسلمانوں کی مختلف مقامات پر جنگ وغیرہ جب کہ ان مجالس میں ہزاروں افراد اس کے سننے والے ہوتے ہیں ؟
جواب:بسمہ سبحانہ واجب ہے کہ دنیاوی سیاسی امور کو مجالس عزاء اور قضا یا حسینیہ سے جدا رکھا جائے اور واجب ہے کہ مجالس عزاء، عزاداری ، بینرز اور اشعار وغیرہ میں صرف لوگوں کو امام حسین علیہ السلام کے مشن اور مقصد کی طرف دعوت دی جائے اور یہی دین کی پابندی اور تقویٰ ہے۔ والسلام
سوال:آیا کسی سیاسی پارٹی کا کسی شیعہ ملک میں عاشورہ کے ایام کو سیاسی اجتماعات کا وسیلہ قرار دینا یا ان ایام میں کسی سیاسی منشور کی نشر و اشاعت کرنا صحیح ہے ؟
جواب:بسمہ سبحانہ عزاداری کے جلوسوں اور مجالس عزاء کا ان امور سے پاک اور خالی ہونا واجب ہے۔ والسلام
سوال:آپ ان بعض افراد کے بارے میں کیا رائے دیں گے جو قمہ زنی کرنے والوں کا جلوس آتے ہی سبیلوں سے گلاس اٹھا لیتے ہیں ؟
جواب:بسمہ سبحانہ اگر ایسا کرنا بغیرکسی شرعی عذر کے ہو تو ایسا کرنے والا اپنے آپ کو عظیم ثواب سے محروم کر لیتا ہے ،اور کبھی کبھار اس کا کوئی شرعی عذر بھی ہو سکتا ہے ۔لیکن جہاں تک اس بات کا تعلق ہے کہ قمہ زنی کرنے والوں کے ہاتھ اکثر خون سے رنگین ہوتے ہیں اور گلاسوں کے نجس ہونے کا خوف ہوتا ہے تو اس مسئلہ کو آسانی سے حل کیاجاسکتا ہے۔روایت میں آیا ہے کہ خدا پانی پلانے والے پر رحمت نازل کرتا ہے چاہے پینے والا پانی کے پاس ہی کیوں نہ کھڑا ہو اور اس کے لیے خود بھی پانی پینا ممکن ہو۔ حضرت علی علیہ السلام نے تو اپنے دشمنوں پر بھی پانی بندنہیں کیا تھا جیسا کہ جنگ صفین کے واقعات اس بات کے شاہد ہیں ۔اسی طرح جب تیسرا خلیفہ محاصرین کے گھیرے میں تھا تو حضرت علی علیہ السلام نے اُس وقت بھی اس کے گھر پانی پہنچایا تھا۔ واللہ العالم
سوال:اگر ماتم اور عزاداری کے جلوسوں کی وجہ سے حکومت کے لیے پریشانی ہو تو آیا ایسی صورت میں ان جلوسوں کانکالنا حرام ہے یا نہیں ؟
جواب:بسمہ سبحانہ ضروری ہے کہ اس قسم کے مسائل کو سرکاری انتظامیہ اور حکومت کے ساتھ افہام و تفہیم کے ساتھ حل کیا جائے اور ماتمی جلوسوں کو شرعی دائرہ کے اندر رہ کر برقرار رکھا جائے۔ والسلام
سوال:کچھ ماتمی دستے اور انجمنیں عزاداری اور مجلس کے دوران سڑکیں بند کردیتی ہیں جس سے راستہ چلنے والوں کو مشکل پیش آتی ہے جبکہ بعض تو ان میں سے مرکزی سڑکیں ہوتی ہیں کہ جن کے بغیر کوئی چارہ کار ہی نہیں توکیا ایسا کرنا جائزہے ؟ اس بارے میں شرعی حکم کیا ہے؟
جواب:بسمہ سبحانہ اس بات کا جاننا ضروری ہے کہ ہمارے لیے واجب ہے کہ ہم امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کی قدرو قیمت کو ہر چیز سے بلند و بالا سمجھیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ جب کسی فوجی دستے، وزیر، مشیر، یا کسی آمر یا سیاسی شخصیت کی آمد پر سڑکیں اور راستے بند کر دیے جاتے ہیں تو آپ نے اس وقت کبھی ایسا اعتراض نہیں کیا ہوگا۔ اور پھرآپ آمد و رفت کے لیے دوسری سڑکیں بھی تو استعمال کر سکتے ہیں ۔ یہ بات جان لیجئے کہ سید الشہداء علیہ السلام کی عزاداری کا انعقاد کروانا اور ان میں شرکت کرنا خدا کی نعمات میں سے ہمارے لیے سب سے اہم اور بڑی نعمت ہے لہٰذا ہمیں اس کو بوجھ نہیں سمجھنا چاہیے تاکہ خدا ہم سے اس نعمت کو سلب نہ کرے جیسا کہ گزشتہ سالوں میں ہم عراق میں اس سے محروم تھے۔ واللہ العالم
سوال:اہل بیت علیہم السلام کی عزاداری کے ایام میں انجمنوں اور ماتمی دستوں کے منتظمین کو آپ کیا نصیحت فرمائیں گے کہ ان پر کیا واجب ہے؟
جواب:بسمہ سبحانہ ضروری ہے کہ وہ اجتماعات کہ جو عزاداری کے لیے منعقد ہوتے ہیں وہ ان مجالس کی مثل ہونے چاہئیں کہ جو واقعہ کربلا کے بعد بنی ہاشم اور خاندان رسالت کے گھروں میں آئمہ طاہرین علیہم السلام کی سربراہی ، سرپرستی اور موجودگی میں ہوا کرتی تھیں ۔اور یہ جائز نہیں ہے کہ کوئی شخص ان مجالس کو مال و جاہ یا سیاسی مفاد کے حصول کے لیے استعمال کرے۔ واللہ العالم
سوال:ہم کس طرح سے انجمنوں اور ماتمی دستوں کی توجہ اس جانب مبذول کرواسکتے ہیں کہ عزاداری اور شعائر حسینی کا اصل مقصددین کا احیاء و قیام، اس کی حدود کی حفاظت اور شریعت کو اس کی مخالفت اور مذہب کو اہانت سے بچانا ہے؟
جواب:بسمہ سبحانہ یہ ذمہ داری پہلے تو خطباء پر عائد ہوتی ہے اور دوسری جانب یہ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے عنوان کے تحت ہر اس شخص پر واجب ہے کہ جس کے لیے ایسا کرنا ممکن ہے ۔ لہٰذا اس سلسلہ میں کوتاہی نہیں کرنی چاہیے۔ واللہ العالم
پچھلا صفحہ
1
2
3
4
اگلا صفحہ