مرکزی صفحہ
سوانح حیات
خبریں
مرجع دینی سے مربوط خبریں
دفتر کی خبریں
نمائندگان کی خبریں
ہدایات و رہنمائی
سوالات و جوابات
دروس
فقہ کے دروس
اصول کے دروس
تفسیر کے دروس
اخلاق کے دروس
تالیفات
بیانات
سوال:ایک شوہر نے اپنی زوجہ کے ساتھ کچھ عرصہ گزارا، بعد میں پاگل ہو گیا،پاگل ہونے کے بعد لا پتہ ہو گیا اب اس کے غائب ہونے کی مدت سات سال گزر چکی ہے، اس صورت میں کیا عورت دوسری شادی کر سکتی ہے؟
جواب:بسمہ سبحانہ عورت دوسری شادی نہیں کر سکتی، اور آپ اپنے مسئلہ کی مکمل تفصیل کے مقامی علماء کی تصدیق کے ساتھ حاکم شرع کے سامنے پیش کریں۔ واللہ العالم
سوال:کسی نے سوال پوچهاتها کہ ایک لڑکی کسی لڑکے سے شادی کرنے سے پہلے همبستری کرواتی هے پهر اسی لڑکے سے شادی کرتی ہے پہلے همبستری بغیر نکاح کے کی تھی اس نتیجے میں وہ حاملہ هوگئی اسی حمل کےدوران اسی لڑکےسے شادی کرتی هے سوال یہ هے اس دوران حمل، نکاح کرنے میں کوئی شرعی ممانعت تونہیں؟ اور اس بچےکاکیاحکم هے جواسی لڑکے سے بغیرنکاح حاملہ هوئی جس سے بعد میں اس نے شادی کی؟
جواب:بسمہ سبحانہ وہ بچہ حرام زادہ ہے اور شرعی طور پر ماں باپ میں سے کسی کا شرعاً وارث نہیں ہو گا۔ البتہ والدین کے لئے جائز ہے کہ اپنی زندگی میں اس کو اپنے مال سے اس کے بھائیوں کے حصے کے مطابق کوئی چیز اسے بخش دیں اور حمل کی حالت میں شرعی نکاح جائز ہے۔ واللہ العالم
سوال:کیا شوہر کی پہلی بیوی کی بیٹی سے دوسری بیوی کے پہلے شوہر کے بیٹے سے نکاح ہو سکتا ہے؟ جس آدمی سے میرا نکاح ہونے والا ہے، اس کی بیٹی میرے بیٹے کو پسند کرتی ہے۔
جواب:بسمہ سبحانہ اگر کوئی اور شرعی مانع نہ ہو تو شادی ہو سکتی ہے۔واللہ العالم
سوال:مرجع دینی کے نکاح فسخ کر دینے کے بعد عورت کو کتنی عدت رکھنی ہوگی؟ وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ و برکاتہ
جواب:بسمہ سبحانہ اگر جماع کے بعد فسخ کیا ہے تو اس میں تین دفعہ حیض دیکھنے کے بعد عدت ختم ہو جائے گی اور اگر جماع نہ کیا ہو تو عدت نہیں ہے۔ واللہ العالم
سوال:مکتب اہلبیت میں فسخ نکاح کے کون کون سے اسباب ہیں۔۔؟ عورت کن وجوہات کی بنیاد پر مرجع دینی سے فسخ نکاح کیلئے درخواست کرسکتی ہے؟
جواب:بسمہ سبحانہ اگر عورت کو عقد کے بعد پتہ چلے کہ اس کا شوہر عقد سے پہلے دیوانہ رہا ہے یا وہ عقد کے بعد مجامعت کرنے سے پہلے یا مجامعت کرنے کے بعد دیوانہ ہوجائے یا اس کا آلہ تناسل ہی نہ ہو یا اس کا آلہ تناسل عقد کے بعد لیکن مجامعت سے پہلے کٹ جائے یا اسے کوئی ایسی بیماری ہو جس کی وجہ سے وہ مجامعت پر قادر نہ ہو خواہ اسے وہ بیماری عقد کے بعد اور نزدیکی کرنے سے پہلے ہی کیوں نہ لاحق ہو ئی ہو۔ان تمام صورتوں میں عورت طلاق کے بغیر عقد کو ختم کر سکتی ہے لیکن اس صورت میں جب کہ شوہر مجامعت نہ کرسکتا ہو عورت کے لیے لازم ہے کہ حاکم شرع یا اس کے وکیل سے رجوع کرے اور وہ اس کے شوہر کو ایک سال کی مہلت دے دے اور اگر پھر بھی وہ اس عورت یا کسی اور عورت سے مجامعت کرنے پر قادر نہ ہو تو عورت اس کے بعد عقد ختم کر سکتی ہے اور اگر مرد کا آلہ تناسل مجامعت کرنے کے بعد کٹ جائے اور عورت عقد ازدواج کو فسخ کرے تو اس فسخ کرنے کاکوئی اثر نہیں ہے اگر چہ احتیاط مستحب یہ ہے کہ شوہر اسے طلاق دے دے۔ واللہ العالم
سوال:قبلہ ایک بیوہ عورت دوسری شادی کر رہی ہے جس سے کر رہی ہے اس کی بیٹی اس عورت کے پہلے شوہر کے لڑکے سے بھی شادی کرنا چاہتی ہے یعنی عورت خود بھی شادی کر لے اور اپنے بیٹے کی بھی شادی دوسرے شوہر کی بیٹی سے کر لے؟
جواب:بسمہ سبحانہ اگر کوئی اور مانع شرعی نہ ہو تو ایسا کرنا جائز ہے۔ واللہ العالم
سوال:اگر کسی لڑکی کا نکاح ہو گیا لیکن رخصتی نہیں ہوئی نہ شوہر کے قریب گئی لیکن کسی اور سے زنا ہو گیا تو کیا طلاق کے بعد وہ اس شخص سے نکاح کر سکتی ہے جس سے زنا ہوا جب کہ لڑکی شوہر سے تنہائی میں نہیں ملی؟
جواب:بسمہ سبحانہ جس سے زنا کیا ہے اس پر ہمیشہ کے لئے یہ لڑکی حرام ہو گئی ہے۔ واللہ العالم
سوال:ایک بچی جس کی عمر 4 سال تھی اس کا نکاح ایک نابالغ لڑکے سے ہوا تو اب وہ دونوں جب جوان ہوئے ہیں اور لڑکا شراب پیتا ہے اس کو دیکھا گیا ہے ہم نے اس کو خود دیکھا ہے یعنی کہ اس کا جو باپ ہے اس کو شراب پیتے دیکھا ہے زانی ہے، شرابی ہے، اب وہ رشتہ نہیں کرنا چاہتے اس سے اور وہ طلاق بھی نہیں دینا چاہتا کہتا ہے کہ میں نے شادی کرنی ہی ہے تو ہم چاہتے ہیں کہ قبلہ صاحب فتوی دیں کہ یہ عقد فضولی کی بناء پر یہ نکاح فسخ ہو سکتا ہے؟ جناب کی مہربانی ہو گی۔
جواب:بسمہ سبحانہ اگر لڑکی کے باپ نے نکاح کے وقت بچی کی مصلحت کو پیش نظر رکھ کر نکاح کیا تھا تو یہ نکاح صحیح طلاق کے بغیر ختم نہیں ہو سکتا۔ واللہ العالم
سوال:کیا موبائل پر نکاح ہو سکتا ہے یا نہیں؟
جواب:بسمہ سبحانہ صیغہ نکاح زبان میں پڑھنا ضروری ہے۔ واللہ العالم
سوال:کیا شیعہ لڑکا کسی دوسرے مسلک کے مطابق نکاح کرسکتا ہے؟
جواب:بسمہ سبحانہ احتیاط اس میں ہے کہ دونوں مسلک کے تحت نکاح ہو، فرض کیجیئے کہ اس نے سنی لڑکی سے شادی کی ہے اور سنی طریقے سے نکاح ہوا ہے اور شیعہ طریقے سے بھی ہو سکے تو شیعہ نکاح بھی کر لیں اور اگر نہیں ہو سکتا تو احتیاط کے طور پر آپس میں میاں بیوی شیعہ طریقے سے نکاح علیٰحدگی میں پڑھ لیں تو کافی ہے اور اس میں گواہوں کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ واللہ العالم
پچھلا صفحہ
1
2
3
4
اگلا صفحہ