مرکزی صفحہ
سوانح حیات
خبریں
مرجع دینی سے مربوط خبریں
دفتر کی خبریں
نمائندگان کی خبریں
ہدایات و رہنمائی
سوالات و جوابات
دروس
فقہ کے دروس
اصول کے دروس
تفسیر کے دروس
اخلاق کے دروس
تالیفات
بیانات
سوال:جو ذاکرین امام حسین علیہ السلام کی مجالس پر گانوں کی طرز پر قصیدے پڑھتے ہیں تو کیا ایسے ذاکرین کی مجالس سننی چاہیے؟
جواب:بسمہ سبحانہ اگر نوحے، مرثیے، اورمنقبت وغیرہ بلکہ قرآن بھی اگر گانے کی طرز پر پڑھا جائے گاتویہ فعل حرام ہے، گانے کی طرز پر پڑھنے والے ذاکروں کو آپ نصیحت کریں اور اسی طرح بلانے والوں کو بھی نصیحت کریں اور ٹھنڈے لہجے اور آداب کے ساتھ نصیحت کریں اور اگر وہ اس کے باوجود بھی نہیں رکتے تو پھر آپ کے لئے مجلس میں جانا اور مجلس سننا جائز نہیں ہے۔ واللہ العالم
سوال:کیا عورتیں سپیکر پر مجالس حسین علیہ السلام پڑھ سکتی ہیں؟ اور کیا مرد حضرات عورتوں کی مجلس سن سکتے ہیں ؟
جواب:بسمہ سبحانہ صحیح طریقہ مجالس عزاء و سوز خوانی کا یہ ہے کہ عورتیں عورتوں کے لئے اور مرد مردوں کے لئے مجالس و سوز خوانی کریں اور ایک دوسرے کی آواز نہ سنیں اور اگر عورت سوز خوانی کے لئے نہ ہو تو مرد کی سوز خوانی وہ سن سکتیں ہیں صرف مصائب سننے کے لئے اور امام حسینؑ پر گریہ کرنے کے لئے۔واللہ العالم
سوال:جناب قاسمؑ کی مہندی نکالنے کے بارے کیا حکم ہے؟
جواب:بسمہ سبحانہ جناب قاسمؑ کا نوحہ پڑھنا حرام نہیں ہے لیکن کسی بھی معتبر کتاب سے جناب قاسمؑ کی شادی کربلا میں ثابت نہیں ہے اور کوئی آدمی کیا شادی کی فکر کرتا ہے کہ جب اس کے خاندان کے لاشے اٹھ رہے ہوں۔ واللہ العالم
سوال:کیا مجلس پڑھنےکے پیسے لینا جائز ہے؟ مہربانی کر کے رہنمائی فرما دیجئے۔
جواب:بسمہ سبحانہ اس مسئلے کی چند صورتیں ہیں ۔ ۱۔ مجلس پڑھنے والا اس خاطر پیسے طلب کرے کہ سننے والوں کی نظر میں اس کی اہمیت واضح ہو تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مجلس اور وعظ ونصیحت سننے کےلئے آئیں اور وہ خطیب زیادہ سے زیادہ لوگوں کو علمی اور دینی فائدہ پہنچا سکے اور لوگوں کو بھی اس سے اس قسم کا فائدہ حاصل کرنے کا موقع میسر آئے پس اگر اس کی اس طرح کی نیت ہو تو اس صورت میں اس کے لئے پیسے لینا جائز اور مباح ہیں۔ ۲۔ مجلس پڑھنے والا ''اپنے مجلس پڑھنے کے عمل'' کو ایسا کام یا فعل قرار دے کہ جس کےلئے پیسا دیا جاتا ہے جس طرح سے ہر مباح کام کے لئے اجیر یا مزدور لایا جاتا ہے اور اس کو اس کام کے بدلے طے شدہ پیسے دیے جاتے ہیں مثلا مسجد کی تعمیر ، کسی روضہ کی تعمیر وغیرہ کےلئے کسی کو اجیر بنانا دوسرے الفاظ میں اگر مجلس پڑھنے والا اپنے آپ کو اجیر قرار دے مجلس پڑھنے کے عمل کو وہ اپنا کام قرار دے کہ جس کےلئے وہ اجیر ہے اور اس کے بدلے پیسوں کو اجرت قرار دے تو ایسی صورت میں بھی اس کےلئے پیسے طلب کرنا مباح ہے لیکن ایسی صورت میں مجلس پڑھنے والا ان پیسوں کے علاوہ ثواب کا مستحق نہیں۔ ہاں البتہ وہ اگر اس مجلس کے علاوہ کوئی ایسا کام بھی کرتا ہے کہ جو اھلبیت علیھم السلام کی خدمت شمارہوتی ہے تو اسے اس زائد عمل کا ثواب ملے گا۔ ۳۔ نعوذ باللہ اگر کوئی شخص سانحہ کربلا اور امام حسین علیہ السلام اور باقی معصومین علیھم السلام کے بارے میں مجلس پڑھنے کو شہرت اور لوگوں کے دلوں میں ہیبت وغیرہ کےلئے وسیلہ قرار دے تو یہ عمل حرام ہے اور جو اجرت اور پیسے وہ لیتا ہے وہ محل اشکال اور مشکوک ہیں اور احوط یہ ہے کہ ان پیسوں کا استعمال جائز نہیں۔ چاہے لوگ اسے اہلبیت علیھم السلام کا مخلص ہی سمجھتے ہوں اور وہ بھی لوگوں کو اہلبیت علیھم السلام کی طرف دعوت دیتا ہو۔ واللہ العالم
سوال:میں نے سنا ہے کہ معصومین علیہ السلام نے امام حسین علیہ اسلام کی شہادت پر گریہ کیا ہے لیکن ماتم کسی معصوم علیھم السلام نے نہیں کیا تو ہم کیوں ماتم کرتے ہیں مجھے اس کا جواب عنایت فرما دیں تاکہ میرا وسوسہ میرا وہم مِٹ سکے آپ کی بہت مہربانی ہوگی؟
جواب:بسمہ سبحانہ دیکھے ہر قوم و ملت کے ہر زمانے اور جگہ میں غم منانے کا اپنا طریقہ ہوتا ہے اور آئمہؑ نے ہمیں امام حسینؑ کے غم منانے کا حکم دیا ہے اور غم منانے کے طریقے کو معین نہیں فرمایا ہے لہٰذا ہم ہر اس طریقے سے غم بجا لائیں گے کہ جس میں کوئی شرعی اعتراض نہ ہو کیونکہ ماتم و جلوس میں کسی بھی قسم کا کوئی شرعی اشکال نہیں ہے لہٰذا ہم اس کو اپنائیں گے کیونکہ معصومینؑ نے ہمیں ایسا کرنے سے منع نہیں کیا ہے۔ واللہ العالم
سوال:ڈھول پر ماتم کرنا کیا صحیح ہے؟
جواب:بسمہ سبحانہ اگر وہ گانے کی طرز پر نہ ہو تو کوئی حرج نہیں ہے اور جو بھی ساز بجایا جاتا ہے اگر وہ گانے کی طرز پر ہے تو حرام ہے۔واللہ العالم
سوال:ہم کیوں عزاداری کرتے ہیں؟ اور عزاداری سے کیا فائدہ ہے اتنے پیسے خرچ کرتے ہیں ہم اگر وہ پیسے کسی غریب کو دیتے تو کچھ احادیث ہیں کہ امام کی شہادت کے بعد ماتم کرو اور سینہ زنی کرو؟
جواب:بسمہ سبحانہ رسول اعظمؐ ، بی بی زہراء(س) اور تمام آئمہ علیہم السلام نے اس کا حکم دیا ہے مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم غرباء کی امداد نہ کریں۔والسلام
سوال:عاشورے یعنی دس محرم کے دن روزہ رکھنے کا کیا حکم ہے؟
جواب:بسمہ سبحانہ اس دن کے کھانے پینے کے چھوڑنے کو روزہ نہ کہا جائے بلکہ اسے فاقہ سے تعبیر کیا جائے جو کہ سورج غروب ہونے کے ایک گھنٹہ پہلے ختم ہو جاتا ہے۔ دس محرم کوروزے کی نیت سے روزہ رکھنا گناہ ہے۔ واللہ العالم
سوال:معصومین علیہم السلام کی طرف منسوب تصویروں کے بارے میں کیا حکم ہے؟
جواب:ضروری ہے کہ معصومین علیہم السلام کی طرف منسوب تصویروں سے اجتناب کیا جائے ہمارے نزدیک ذی روح کی مصوری حرام ہے اور تصویربنا کر اس کی نسبت معصومین علیہم السلام کی طرف دینا اس سے بڑھ کر حرام ہے پس ضروری ہے کہ ماتمی جلوسوں اور مجالس کو ایسے کاموں سے پاک رکھا جائے جس سے امام حسین علیہ السلام کے مقدس انقلاب اور ان کی قربانیوں کی توہین ہو۔ میں دعا کرتا ہوں کہ خداوند متعال تمام مسلمانوں کو اس انقلاب کو زندہ رکھنے اور اس سے درس عبرت حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین۔)کتاب احکام شعائر حسینی)
سوال:کیا نماز میں مجالس و جلوس کی وجہ سے تاخیر کی جا سکتی ہے؟
جواب:مجالس اور ماتمی جلوسوں کے اوقات اس طرح سے محدد اور معین کیے جائیں کہ ان کا دین کے بنیادی واجبات مثلاََ نماز وغیرہ سے ٹکراؤ نہ ہو۔ پس ضروری ہے کہ عزاداری کی عبادت کو نماز کے اول وقت سے پہلے مکمل کرلیا جائے یا پھر اول وقت میں نماز ادا کرنے کے بعد شروع کیا جائے اور اگر عزاداری کے جلوس کے دوران نماز کا وقت ہوجاتا ہے تو انجمن کے منتظمین کے لیے ضروری ہے کہ وہ جلوس کو روک کر وہیں اول وقت میں نماز ادا کریں اور پھر سے عزاداری کی عظیم عبادت میں مشغول ہوجائیں تاکہ دنیا والوں کو عزاداری ، حسینی شعائر اور انقلابِ حسینی کے اصل اہداف و مقاصد معلوم ہو سکیں ۔ سید الشہداء سلام اﷲ علیہ نے فقط اور فقط دین اور سید المرسلینؐ کی شریعت کے قیام اور اس کو باقی رکھنے کے لیے تمام مصائب بر داشت کیے اور اتنی عظیم قربانیاں پیش کیں۔ سید الشہداء سلام اﷲ علیہ فرماتے ہیں: ’’ ألا ترون ان الحق لا یعمل بہ و ان الباطل لا یتناھی عنہ لیرغب المؤمن فی لقاء اﷲ محقا‘‘ یعنی :۔کیا تم دیکھ نہیں رہے کہ حق پر عمل نہیں ہو رہا اور نہ باطل سے کسی کو روکا جا رہا ہے کہ مومن خدا سے حقیقی ملاقات کو دوست رکھے ۔)کتاب احکام شعائر حسینی)
پچھلا صفحہ
4
5
6
7
8
اگلا صفحہ