مرکزی صفحہ
سوانح حیات
خبریں
مرجع دینی سے مربوط خبریں
دفتر کی خبریں
نمائندگان کی خبریں
ہدایات و رہنمائی
سوالات و جوابات
دروس
فقہ کے دروس
اصول کے دروس
تفسیر کے دروس
اخلاق کے دروس
تالیفات
بیانات
سوال:بچہ پیدا ہونے کے بعد عورت 40 دن تک نماز و روزہ اور نا ہی کوئی اور عبادت کرتی ہے. کیونکہ یہ کہا جاتا ہے کی بچے کی پیدائش کے بعد عورت 40 دن تک ناپاک رہتی ہے پھر اس کے بعد غسل کر کے نمازو روزہ شروع کرتی ہے. کیا ایسا کرنا درست ہے؟؟؟ اور یہ کہ بچہ پیدا ہونے کے بعد کتنے دن عورت نجس رہتی ہے. اور اگر مقررہ مدت سے زیادہ دن نماز وروزہ نا کرے تو اس کے بارے میں کیا حکم ہے؟؟؟براۓ مہربانی رہنمائی فرما دیں.
جواب:بسمہ سبحانہ اگر عورت کو بچے کی ولادت سے کوئی بھی خون کا قطرہ دس دن تک نہ آئے تو اس کے لئے جائز نہیں ہے کہ کسی بھی نماز یا روزے کو چھوڑے اور اگر ولادت سے خون آئے تو اس کی ماہواری کی ایک عادت اگر پکی ہے مثلاً سات دنوں تک اس کی ماہواری آتی ہے تو سات دن تک وہ نماز اور روزہ نہیں رکھے گی اور اس کے بعد وہ صرف روزوں کی قضاء کرے گی اور اگر اس کی ماہواری کی عادت پکی نہیں ہے تو اگر وہ خون دیکھتی ہے تو دس دنوں تک وہ روزہ اور نماز نہیں پڑھے گی اور اس کے بعد صرف روزوں کی قضاء کرے گی اور دس دنوں سے زیادہ عورت کے لئے جائز نہیں ہے کہ وہ اپنی عبادات سے دوری اختیار کرے۔ واللہ العالم
سوال:اگر 60 فقیروں کو گندم دینا ہو تو 14 چھٹانک ایک فقیر کے حساب سے دینا ہے؟ کیونکہ دو سال سے زیادہ کا وقت گزر چکا ہے کیا کوئی اضافہ ہو گا یا بس 60 فقیروں کو شرط کے مطابق گندم دی جائے تو ٹھیک ہے؟
جواب:بسمہ سبحانہ چودہ چھٹانک ایک فقیر کے حساب سے دینا ہو گا اور دو سال سے زیادہ کا وقت گزرنے پر اس میں کوئی اضافہ نہیں ہو گا۔ واللہ العالم
سوال:میرا سوال یہ ہے اگر جان بوجھ کے روزہ توڑا جائے تو اس کا کفارہ کیا ہے؟ اور اگر دو سال اور گزر جائیں تو اب کتنا کفارہ ہو گا۔ مہربانی جواب ذرا واضح دیں۔
جواب:بسمہ سبحانہ ماہ رمضان کا روزہ توڑنے کے کفارہ کے طور پر انسان کو چاہیے کہ ایک غلام آزاد کرے یا ان احکام کے مطابق جو آئندہ مسئلہ میں بیان کئے جائیں گے دو مہینے روزے رکھے یا ساٹھ فقیروں کو پیٹ بھر کر کھانا کھلائے یا ہر فقیر کو ایک مد (تقریباًچودہ چھٹانک )طعا م یعنی گندم یا جو یا روٹی یا کشمش یا کجھور وغیرہ دے اور اگر یہ افعال انجام دینا اس کے لیے ممکن نہ ہو تو احتیاط کی بنا پر اسے چاہیے کہ بقدر امکان صدقہ دے اور استغفار کرے اور احتیاط واجب یہ ہے کہ جس وقت بھی قدرت رکھتا ہو کفارہ بھی دے۔ واللہ العالم
سوال:روزہ چھوڑنے کے لئے جان بوجھ کر سفر اختیار کیا جا سکتا ہے؟ کہ بعد میں قضاء رکھوں گا۔ کیونکہ جب دن بہت لمبے ہوتے ہیں جس وجہ سے روزہ رکھنا مشکل ہوتا ہے۔
جواب:بسمہ سبحانہ روزہ چھوڑنے کے لئے سفر کرنا جائز ہے لیکن ایسا کرنے سے وہ لمبے دنوں کے گرمی کے روزوں سے اپنے آپ کو محروم کرے گا کہ جنہیں روایات میں تلوار کے ساتھ جہاد کرنے سے تشبیہ دی گئی ہے۔واللہ العالم
سوال:حالت روزہ میں بال وغیرہ کٹوا سکتے ہیں وضاحت فرمائیں۔
جواب:بسمہ سبحانہ روزے کی حالت میں بال کٹوا سکتے ہیں البتہ داڑھی روزے کی حالت میں یا بغیر روزے کے مونڈوانا حرام ہے۔ واللہ العالم
سوال:کیا ہم رات کو سوتے وقت روزہ کی نیت کر کے سوجائیں اور صبح فجر کی نماز کے بعد اٹھیں تو کیا یہ روزہ ہے یانہیں ؟جناب یہ بھی بتائیں کہ روزہ کا اصل اور ٹھیک وقت کیاہے؟ ہمارے ہاں یہ ایک نیا اصول قائم کر دیا گیا ہے کہ رات کو سوتے وقت روزہ کی نیت کرکے سو جاتے ہیں اور پھر جب صبح اٹھتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہمارا روزہ ہے؟برائے مہربانی میری رہنمائی فرمائیں.
جواب:بسمہ سبحانہ اگر رات کو سوتے وقت روزے کی نیت کر کے سو گئے تھے تو آپ کا روزہ درست ہے اور روزہ بند ہونے کا وقت طلوع فجر کا وقت ہے کہ جس وقت مشرق کی طرف سے سفیدی نمودار ہوتی ہے اور سورج غروب ہونے کے وقت جو مشرق میں سرخی پیدا ہوتی ہے وہ آہستہ آہستہ مغرب کی طرف منتقل ہوتی ہے جب وہ ساری سرخی سر سے گزر کر مغرب کو چلی جائے تو مغرب کی نماز کا وقت ہو جاتا ہے اور یہی وقت افطاری کا بھی ہوتا ہے۔ واللہ العالم
سوال:ایک شخص ماہ رمضان صبح سفر پر جاتا ہے اور حدترخص سے آگے گزارتا ہے اور زوال سے پہلے دوبارہ واپس انپے شہر پہنچ جاتا ہے اور اس نے کوئی ایسا فعل بھی انجام نہیں دیا ہے جس سے روزہ باطل ہو تو کیا اس کا روزہ صحیح ہے یا قضا انجام دیں گامثلا.کوئی شخص ماہ رمضان میں صبح نجف سے کربلا کے لیے سفر کرتا ہے اور قبل زوال وہ واپس نجف پہنچتا ہے اور اس نے کوئی مفطر بھی انجام نہیں دیا ہے تو کیا اس کا اس دن کا روزہ ہو گا یا نہیں؟
جواب:بسمہ سبحانہ ایسے شخص پر واجب ہے کہ وہ نجف میں داخل ہوتے ہی روزے کی نیت کرے اور اس کا روزہ صحیح ہو گا۔ واللہ العالم
سوال:ماہ رمضان میں ایک شخص کی سحری کے وقت آنکھ کھلی تو اس نے دیکھا کہ اختتام سحر ہو چکا ہے ، جب کہ اس شخص کے لئے بغیر کھائے پیئےیعنی خالی پیٹ روزہ رکھنا بہت ہی دشوار امر ہے، براہ مہربانی واضح فرمائیں کہ ایسی حالت میں اس شخص کو روزہ ترک کرنے کے سبب صرف فدیہ (ایک مد طعام ) ادا کرنا پڑے گا یا اس پر کفارہ کی ادائیگی لازم ہوگی۔ ؟
جواب:بسمہ سبحانہ ایسے شخص پر قضاء اور کفارہ دونوں ہوں گے۔ واللہ العالم
سوال:نماز و روزہ قصر کرنے کے لیے کتنی مسافت درکار ہے اور وہ کہاں سے شروع ھو گی یعنی اپنے گھر سے یا اپنے گاوں یا شہر کی آخری حد سے اور کہاں تک ماپنی ہو گی یعنی جہاں ہم نے جانا ہے یا جہاں جاںنا وہ شہر جہاں سے نظر آ جاے۔
جواب:بسمہ سبحانہ جو شخص مسافر ہے اس کا سفر آٹھ فرسخ شرعی سے کم نہ ہو اور فرسخ شرعی، ساڑھے پانچ کیلو میٹر سے قدرے کم ہوتا ہے (جہاں تک میلوں کا سوال ہے آٹھ فرسخ شرعی کے تقریباً 2٨ میل بنتے ہیں) یعنی تینتالیس (٤٣) کلو میٹر اور دو سو میٹر ۔ جو شخص آٹھ فرسخ سفر کرنے کا ارادہ رکھتا ہو اگرچہ وہ ہر روز تھوڑی مقدار میں فاصلہ طے کرے لیکن جب وہ ایسی جگہ پہنچ جائے جہاں اپنے شہر کی اذان نہ سن سکے اور وہ اپنے شہر کی دیواروں میں تمیز بھی نہ کر سکے تو اس جگہ سے اس پر نماز و روزہ قصر ہو جائیں گے اور مسافت کی ابتداء شہر کے آخری گھر سے شمار کی جائے گی اور جس شہر میں آپ جانا چاہتے ہیں اس شہر کی دیواریں شروع ہوتی ہیں وہاں تک مسافت ناپی جائے گی۔ واللہ العالم
سوال:اگر کوئی کئی سال غسل جنابت غلط کرتا رھا اس دوران پڑھی گئیں نماز اور روزہ کا حکم کیا ہے؟
جواب:بسمہ سبحانہ ایسی صورت حال میں تمام نمازوں اور روزوں کی قضاء واجب ہو گی کہ جو اس نے صحیح غسل جنابت کرنے سے پہلے ادا کی تھیں۔ واللہ العالم
پچھلا صفحہ
2
3
4
5
6
7
8
9
اگلا صفحہ