مرکزی صفحہ
سوانح حیات
خبریں
مرجع دینی سے مربوط خبریں
دفتر کی خبریں
نمائندگان کی خبریں
ہدایات و رہنمائی
سوالات و جوابات
دروس
فقہ کے دروس
اصول کے دروس
تفسیر کے دروس
اخلاق کے دروس
تالیفات
بیانات
سوال:خمس کے حوالے سے کچھ معلومات درکار ہیں، میں ایک سرکاری ادارے میں ملازمت کرتا ہوں اور میری تنخواہ 22000/- ہے اس تنخوا میں سے خمس کتنا بنے گا۔ براہِ کرم رہنمائی فرمائیں والسلام وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ و برکاتہ
جواب:بسمہ سبحانہ آپ کے لیے جائز ہے کہ آپ اپنی تنخواہ کا پانچواں حصہ جس کو خمس کہتے ہیں ادا کریں اور آپ کے لیے جائز ہے کہ آپ سال میں ایک تاریخ معین کریں اور اس تاریخ کے آنے پر جو بھی آپ کی سالانہ بچت ہو اس پر سال میں ایک دفعہ خمس ادا کریں۔واللہ العالم
سوال:میں خانیوال شہر میں اپنے والد کے گھر میں رہتا ہوں، گذشتہ دو سال میں دو پلاٹ خریدے ہیں میں نے ایک پلاٹ دس لاکھ روپے کا خرید خانیوال شہر میں جس کا مقصد پراپرٹی کو محفوظ کرنا تھا۔ اب ایک پلاٹ ملتان میں خریدا ہے جس کی قیمت میں سے بائیس لاکھ ادا کر چکا ہو، اس پلاٹ کے خریدنے کا مقصد ملتان میں گھر تعمیر کرنا ہے جو کہ نوکری کے حوالے سے میری ضرورت ہے۔ دو سال پہلے تک کا میں خمس ادا کر چکا ہوں۔ اب مندرجہ بالا صورت میں کیا دونوں پلاٹوں پر خمس ادا کرنا ہو گا؟ مزید خمس کے ٹوٹل واجب رقم کو ماہانہ اقساط میں ادا کرنا چاہتا ہوں جس کی آپ سے اجازت درکار ہے۔
جواب:بسمہ سبحانہ جس پلاٹ کو آپ نے اپنے استعمال اور گھر بنانے کے لیے خریدا ہے اس کو جس قیمت پر خریدا ہے اس قیمت کا خمس ادا کرنا ہو گا اور اگر کسی پلاٹ کو بزنس کے لیے خریدا ہے یعنی اس کی قیمت کے زیادہ ہونے کی صورت میں اسے بیچ کر فائدہ حاصل کریں گے تو ایسے پلاٹ کو جس قیمت پر بیچیں گے تو بیچنے والی قیمت (نئے ریٹ) کے حساب سے خمس ادا کریں گے اور اگر آپ یک مشت قیمت ادا نہیں کر سکتے تو آپ کو قسط وار خمس ادا کرنے کی اجازت ہےاور جس کے واسطے سے بھی آپ خمس ادا کریں اس سے ہمارے نجف اشرف کے مرکزی دفتر سے جاری شدہ مرجع عالیقدر کی مہر والی رسید حاصل کریں اور اگرآپ رسید حاصل نہیں کریں گے تو آپ واجب ادا کرنے سے عند اللہ بری الذمہ نہیں ہونگے۔ واللہ العالم
سوال:بعض مدارس پاکستان کے علماء آپ کے مقلدین سے تمام خمس صد در صد وصول کر رہے ہیں آیا وہ ایسا کر سکتے ہیں یا نہیں۔ اور اگر نہیں کر سکتے تو کتنا ان کو لینا چاہیے۔ اور آپ کے مقلد اور اس مولانا پر کیا ضروری ہے رہنمائی فرمائیں ۔
جواب:بسمہ سبحانہ ہم جس کو بھی اجازت دیتے ہیں اس اجازت نامے میں حق شرعی سے ایک خاص مقدار صرف کرنے کی اسے اجازت دیتے ہیں اور اس کے لیے جائز نہیں ہے کہ اس سے زیادہ صرف کرے۔ جس کو ہمارے مرکزی دفتر نجف اشرف سے جناب مرجع عالی قدر کی دستخط اور مہر شدہ رسید نہ پہنچے تو وہ عند اللہ بری الذمہ نہیں ہو گا اور آپ جس کسی کو اور جس قدر بھی خمس ادا کریں تو ان سےہمارے مرکزی دفتر نجف اشرف سے جاری شدہ رسید ضرور طلب کریں اور رسید حاصل یا وصول نہ ہونے کی صورت میں آپ کو خمس دوبارہ ادا کرنا ہو گا۔ واللہ الھادی و ھو العالم
سوال:کیا سہم سادات اپنی مرضی سے اپنے کسی عزیز کو دے سکتے ہیں کہ نہیں؟
جواب:بسمہ سبحانہ ہماری اجازت کی اس میں ضرورت ہے اور تمام مومنین کو ہم نے اس کی اجازت دی ہوئی ہے بشرطیکہ ایسے رشتہ دار کا نان و نفقہ آپ پر واجب نہ ہواور وہ غریب شیعہ سادات ہوں اور ان کو ان کی ضرورت سے زیادہ سہم سادات نہ دیا جائے۔واللہ العالم
سوال:تحفے میں ملی چیزوں پر خمس واجب ہوتا ہے کہ نہیں ؟
جواب:بسمہ سبحانہ تحفے میں ملنے والی چیزوں پر خمس واجب ہوتا ہے۔واللہ العالم
سوال:ایک تولہ پہ کتنا خمس اور زکوٰۃ ہو گا اور سونے پہ خمس اور زکوٰۃ ہر سال دینا ہوتا ہے یا ایک بار۔
جواب:بسمہ سبحانہ سونے اور چاندی کے سکوں پر زکوٰۃ ہوتی ہے اور زیورات پر صرف خمس ہوتا ہے اور خمس پانچواں حصہ ہے جو زیورات وغیرہ پر وزن کے اعتبار سےایک ہی دفعہ دیا جاتا ہے۔واللہ العالم
سوال:آغا کے ایک مقلد ہیں ان کے خمس کی تاریخ ۱۵ ماہ مبارک رمضان ہے اور ان کے بیٹے کی داخلے کی فیس دس لاکھ روپیہ ہے آیا وہ بچت سے منہا کر کے خمس دیں یا بچے کی اس میں سے دس لاکھ روپیہ ملکیت کر دیں اور باقی ماندہ رقم سے خمس نکال دیں اس کی کیا صورت ہے بیان فرمائیے گا بہت مہربانی ہو گی۔
جواب:بسمہ سبحانہ اگر اس نے بچے کی ملکیت کر دی ہے تو بچے پر اس رقم کا خمس واجب ہو جائے گا اور اگر ملکیت نہیں کی ہے تو خود والد پر خمس واجب ہے۔واللہ العالم
سوال:کیا آپ اپنے مقلدین کو اس بات کی اجازت دیتے ہیں کہ وہ سہم سادات کو (جو کہ خمس کا نصف شمار ہوتا ہے)آپ سے رابطہ کئے بغیر براہ راست کسی مستحق سید کو دے دیں ؟
جواب:بسمہ سبحانہ ہماری اجازت کی اس میں ضرورت ہے اور تمام مومنین کو ہم نے اس کی اجازت دی ہوئی ہے بشرطیکہ ایسے رشتہ دار کا نان و نفقہ آپ پر واجب نہ ہو۔واللہ العالم
سوال:جو والد اپنی زندگی میں جائیداد تقسیم کر دے کیا وہ وراثت کا حکم رکھتی ہے۔۔اور اس جائیداد پر خمس کا کیا حکم ہے ؟
جواب:بسمہ سبحانہ اگر والد نے تقسیم کر کے ہر وارث کو اس کا حصہ اس کے ہاتھ میں دے دیا تھا تو اس صورت میں اگر والد خمس کا پابند تھا تو ورثاء کو بھی اس مال کا خمس دینا ہو گا جب شرائط خمس پورے ہو جائیں گے اور اگر والد نے ورثاء کو ان کے حصے تقسیم کیے تھے اور ورثاء نے والد کے مرنے کے بعد قبضہ کیا ہے تو اس صورت میں اگر والد خمس کا پابند تھا تو ورثاء پر جو چیز ان کے حصے میں آئی ہے اس کا خمس دینا واجب نہیں ہے۔ البتہ اس سے جو آمدنی ہو گی اس پر خمس واجب ہو گا۔اور اگر والد خمس کا پابند نہیں تھا تو ورثاء میں سے ہر ایک کو اپنے حصے کا خمس ادا کرنا ہو گا۔ واللہ العالم
سوال:کیا علاج کی غرض سے جمع کی گئی رقم پر بھی خمس ادا کرنا ہو گا؟
جواب:بسمہ سبحانہ اس رقم پر خمس واجب ہے۔واللہ العالم
پچھلا صفحہ
4
5
6
7
8
9
10
11
اگلا صفحہ